پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی، ایمازون کی بالآخر پاکستان آمد-
پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی، ایمازون کی بالآخر پاکستان آمد
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ایمازون نے بالآخر پاکستان میں قدم رکھ دیئے۔ پاکستان ٹوڈے کے مطابق ایمازون نے پاکستان میں ’ایمازون ڈیٹا سروسز پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ‘ کے نام سے مقامی دفتر رجسٹرڈ کروا لیا ہے اور اس آفس کے لیے ٹیم تشکیل دے رہی ہے۔دو ہفتے قبل ایمازون کو عالمی سطح سروسز کے تعطل کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران امریکہ اور پاکستان میں لگ بھگ مکمل طور پر اس کے آپریشنز معطل رہے، جس کے بعد ایمازون کی طرف سے پاکستان آنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ایس ای سی پی ڈیٹا بیس کے مطابق پاکستان میں ایمازون کی سربراہی بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر پاﺅل اینڈریو میک فیرسین کر رہے ہیں جبکہ ان کے ساتھ شعیب منیر بطور ڈائریکٹر خدمات سرانجام دیں گے۔ایمازون کے ایک ترجمان نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ’پاکستان ٹوڈے‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ”اس وقت ٹیکنالوجی لیڈر کو پاکستان کے لیے ایک پبلک پالیسی سپیشلسٹ کی تلاش ہے جو ایمازون ویب سروسز کلاﺅڈپر بھی جس کی گہری نظر ہو۔ “ رپورٹ کے مطابق غیرملکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی طرف سے پاکستانی جیسی مارکیٹس میں داخل ہونے کے بعد ایسا کرنا عام بات ہے۔ رواں سال جون میں جب ٹک ٹاک کی مالک کمپنی’بائٹ ڈانس‘ پاکستان آئی تو اس نے بھی حسن ارشد کی خدمات حاصل کیں اور انہیں پبلک پالیسی کا سربراہ مقرر کیا جن کی ذمہ داری پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے ساتھ معاملات کرناتھا تاکہ ٹک ٹاک کو پابندی سے بچایا جا سکے۔
No comments